علاقائی محتسب آفس کے ایڈاوئزروانچارج کا فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا دورہ

پیر 16 جون 2025 16:09

فیصل آبا د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے ازخود نوٹس کے تحت علا قائی محتسب آفس فیصل آباد کے ایڈاوئزروانچارج شاہد حسین جیلانی نے انسپکشن ٹیم کے ہمراہ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر شاہد حسین جیلانی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک پر مسافروں کی جانب سے بد انتظامی و دیگر شکایات ملنے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی انسپکشن کی ہدایات جاری کیں جن کے ازالے اور ایئر پورٹ پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے اور ان کی بہتری کے لئے یہ دورہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر دورہ کیا تھاجس پر مسافروں کی جانب سے کچھ مسائل کی نشاندہی کی گئی جس پر انتظامیہ نے کافی معاملات کو بہتر کرلیا ہے تاہم چند مسائل ہیں جن کے حل کے لئے ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کے لئے مزید گنجائش موجود ہے جس کی سفارشات وہ وفاقی حکومت کو ارسال کریں گے اور وہ امید کرتے ہیں کہ حکومت اس مسئلہ پر خصوصی توجہ دے گی۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسرو ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر جمیل نے ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک،پولیو کا ؤ نٹر،نادرا کا ؤ نٹر،اے این ایف جوائنٹ سرچ کا ؤنٹر،امیگریشن ڈیسک،اوور سیز پاکستانی کا ؤ نٹر،معلومات کا ؤنٹر،شکایات بکس،ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کے شیڈول اور دیگر تمام معاملات بارے بریفنگ دی جس پر شاہد حسین جیلانی نے اطمینان کااظہار کیا۔

علاقائی محتسب نے میڈیا کے ہمراہ ایئر پورٹ کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور ہر ڈیسک اور کا ؤنٹر پر موجود عملہ سے ان کے فرائض اور مسافروں سے متعلقہ سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر ایف آئی ا ے حکام نے مسافروں اور ایئر پورٹ سے متعلق اپنے فرائض بارے علاقائی محتسب کو آگاہ کیا۔ایڈوائزرو انچارج شاہد حسین جیلانی نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے افسران سے ممنوعہ اشیا کے بارے سوال کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ ممنوعہ اشیا کی لسٹ مقرر کردہ مقام پر آویزاں ہے تاہم مسافروں کے اس بارے مزید معلومات لینے پر تمام مطلوبہ معلومات فراہم کر دی جاتی ہیں۔