iپنجاب حکومت نے کارکن صحافیوں کے لئے اہم فیصلے کردیئے

ژ*صحافی کالونی فیزٹو کے لئے 40 کروڑ روپے کا فنڈ بجٹ دستاویزکا حصہ بنادیاگیا ظ*کارکن صحافیوں کے لئے ایک ارب کے انڈومنٹ فنڈ اور ہیلتھ کارڈ کا بھی اجرا ہوگا

پیر 16 جون 2025 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں وزیرخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صحافی کالونی کے فیز ٹو کے لئے صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والے 40 کروڑ کے فنڈز کو بجٹ دستاویز میں شامل کیاجارہاہے جبکہ کارکن صحافیوں کے لئے ایک ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈاور صوبے بھر کے صحافیوں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا بھی کیاجائے گا۔

پریس کلب کی گورننگ باڈی نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اظہار تشکرکیاہے۔ صدر ارشد انصاری نے کہاہے کہ صحافی کالونی فیز ٹو موجودہ پنجاب حکومت کا بہت اہم فلاحی منصوبہ ہے جس سے کارکن صحافیوں کو اپنی چھت مل سکے گی اور ان کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوگا، پنجاب حکومت کا یہ اقدام انتہائی قابل ستائش ہے اس کے لئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے شکر گزارہیں جبکہ وزیراطلاعات پنجاب عظمی زاہد بخاری کا مثبت کردار بھی بہت اہم ہے جو کہ ان کے صحافی دوست ہونے کااظہا رہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ بجٹ میں فیز ٹوکے لئے فنڈمختص ہونے سے فیز ٹو کے حوالے سے بعض لوگوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی فواہیں دم توڑ گئی ہیں اور ہم نے اب اس فیز ٹو کے منصوبے کا بہت اہم مرحلہ عبور کرلیا ہے۔ صدر ارشدانصاری نے مزیدکہاکہ کارکن صحافیوں کی مالی معاونت کے لئے جرنلسٹ انڈومنٹ کے لئے ایک ارب روپے مختص کرنا انتہائی اہم فیصلہ ہے جس سے کارکن صحافیوں کی مالی مشکلات حل کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر فنڈزکی دستیابی یقینی ہوگی۔

صدر ارشد انصار ی نے صحافیوں کے لئے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کو بھی سراہا اور کہاکہ اس مہنگے دورمیں کارکن صحافی کے لئے ہیلتھ کارڈ امید کی کرن ہے ۔ گورننگ باڈی نے صحافی کارکنوں کے لئے ہونے والے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ لاہورپریس کلب کے یہ دیرینہ مطالبات تھے جن کے لئے موجودہ حکومت نے اقدامات کئے ہیں، فیز ٹو ، انڈومنٹ فنڈ اور ہیلتھ کارڈ کے منصوبے اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ حکومت کو صحافیوں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور بتدریج ان مسائل کے حل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔