Live Updates

تعلیمی ترقیاتی بجٹ میں 200فیصد سے زائد کا اضافہ تعلیم پر پنجاب کی ترجیحات واضح کر رہا ہے، رانا سکندر حیات

پیر 16 جون 2025 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ ترقی، تعلیم اور عوامی خوشحالی کا ایک ویژن ہے۔ پنجاب ترقی کے سفر میں نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور بجٹ 2025کے اعلان کے بعد پنجاب میں بالخصوص تعلیم کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ہم 811ارب روپے کا ایسا تعلیمی بجٹ سامنے لائے ہیں جو ہر طالبعلم کی زندگی میں بہتری لانے کا عزم رکھتا ہے۔

اِس بجٹ کا ہر ہندسہ ایک مقصد کا ترجمان ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بجٹ 2025 میں ہم نے لفظوں سے نہیں، اعداد سے ثابت کیا ہے کہ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے۔ ہم تعلیم میں کھوکھلے دعووں کے بجائے عملی اقدمات کر رہے ہیں، تعلیمی ترقیاتی بجٹ میں 200فیصد سے زائد کا اِضافہ اسی عزم کی پہچان ہے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 32 ارب سے بڑھا کر 100 ارب کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے دوران نوجوانوں میں 30 ارب روپے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ تقسیم کی مد میں خرچ کئے جائیں گے۔ 7 ارب سکول میل پروگرام پر خرچ ہوں گے۔ اضافی کلاس رومز اور سکولوں میں سہولیات کا فقدان دور کرنے کیلئے 40 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ یونیورسٹیوں کا بجٹ بڑھاتے ہوئے 25 ارب روپے تک لے جایا گیا ہے۔ 5 ارب کی لاگت سے مختلف اضلاع میں سرکاری سکول قائم کئے جائیں گے۔

کالجوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام کیلئے 2ارب مختص کئے گئے ہیں۔ تعلیمی بجٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ قصور میں 2 ارب روپے کی لاگت سے مریم نواز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے گی جبکہ سکولوں کی آئوٹ سورسنگ اور نجی شراکت داری کیلئے 39 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی بجٹ کا ایک ایک روپیہ طلبا کی فلاح و بہبود کیلئے مختص ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں وسائل کی تقسیم منصفانہ، اخراجات کی درست سمت اور ہر طبقے کی بہتری ایک عملی ہدف ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات