بم کی اطلاع پر سعودی ائیرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

سعودی ایئرلائن کی حج پرواز کو بم رکھے جانے کی اطلاع ملنے پر انڈونیشیا کے کوالانامو ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 جون 2025 00:30

بم کی اطلاع پر سعودی ائیرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2025ء) بم کی اطلاع پر سعودی ائیرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں سعودی عرب کی ائیرلائن کی پرواز کو ہنگامی طور پر لینڈنگ کرنا پڑی، اس دوران مسافروں یا طیارے کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔ منگل کے روز سعودی ایئرلائن کی حج پرواز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

بم کی اطلاع ملنے پر سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 5276 کو انڈونیشیا کے کوالانامو ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی ائیرلائن کا یہ طیارہ سعودی عرب سے انڈونشیا پہنچا تھا، طیارے نے جدہ سے اڑان بھری تھی جبکہ اس کی منزل جکارتہ تھی۔ سعودی ائیرلائن کی اس پرواز میں حجاج سوار تھے، جو فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اپنے ملک واپس آ رہی تھے۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے مطابق جم طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع ملی تو طیارے کے پائلٹس نے اپنے حواس پر قابو رکھا اور طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔ اس دوران کسی قسم کا کوئی حادثہ رونما نہیں ہوا۔ انڈونیشیا کے کوالانامو ایئرپورٹ پر متعلقہ ادارے کی ٹیموں نے جہاز کی مکمل جانچ کے بعد اسے کلیئرکر دیا جس کے بعد پرواز کو شیڈول کے مطابق جکارتہ لے جایا گیا۔

انڈونیشی سول ایوی ایشن نے کے ذرائع کے مطابق سعودی ائیرلائن کا طیارہ حجاج کو لے کر جدہ سے جکارتہ جارہا تھا کہ اس میں بم کی موجودگی کا اطلاع ملی جس پر طیارے کو سومطرہ کے مغرب میں اتارا گیا۔ انڈونیشین سول ایوای ایشن کے مطابق ایک نامعلوم ای میل کے ذریعے طیارے میں بم رکھے جانے کی اطلاع ملی جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ہنگامی طور پر جہاز کے روٹ کو بدل دیا گیا۔

طیارے کو قریب ترین جزیرہ سومطرہ کے ایئرپورٹ پرلینڈ کرانے کے بعد تمام مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا تاکہ اس کی مکمل چھان بین کی جا سکے۔ روٹ تبدیل کیے جانے کے بعد طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے کا عملہ اور مسافر محفوظ رہے۔ بعد ازاں انہیں بحفاظت جکارتہ میں اپنی منزل پر پہنچا دیا گیا۔