زمین کو بنجرہونے اور خشک سالی سے بچائو کیلئے اقدامات کو فروغ دینا ہوگا،پروفیسر ڈاکٹر ماجد منیر

بدھ 18 جون 2025 11:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)جی سی یونیورسٹی فیصل آبادکے ماہر آب پروفیسر ڈاکٹر ماجد منیرنے کہا ہے کہ زمین کا بنجر ہونا اور خشک سالی ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے جو پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے لہٰذا اس کے حل کے لئے اقدامات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے خشک سالی اور زمین کو بنجر ہونے سے بچانے کے عالمی دن پر پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خشک سالی اور زمین کو بنجر ہونے سے بچانے کے عالمی دن منانے کا مقصد اس مسئلے سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور اس کے حل کی کوششوں کو فروغ دینا ہیانہوں نے کہا کہ زمین کو بنجر ہونے سے بچانے کا عالمی دن ہر سال 17 جون کو منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ نے 1995 میں اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا تھا۔مذکورہ دن کی اہمیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے موسموں میں ہونے والا تغیر یعنی کلائمیٹ چینج، درجہ حرارت میں اضافہ اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے ہوتی کمی بھی زمین کو خشک کر رہی ہے اور صحرا زدگی کا عمل تیز ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق صحرا زدگی سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت اگائے جائیں تاکہ یہ زمین کو بنجر ہونے سے روک سکیں نیز اس کے لیے غیر آباد زمینیں بہترین ہیں جہاں کاشت کاری یا باغبانی کی جاسکتی ہے،علاوہ ازیں آبی ذرائع کی مینجمنٹ کرنا اور انہیں احتیاط سے استعمال کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔