ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں اور محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں اہم اجلاس

بدھ 18 جون 2025 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں اور محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد ہوا، جس میں نالوں کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، بجلی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ایچ ایم سی، تمام ٹان چیئرمینز، واسا حکام، حیسکو افسران، آبپاشی حکام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ افسران اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران نے شرکت کی۔

پبلک ہیلتھ کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ واسا کے بڑے برساتی نالے بند ہونے کے باعث متعدد گنجان آباد علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہو رہا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام ادارے مشترکہ سروے کریں، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے سیوریج و ڈرینج کے مسائل کو اے ڈی بی اسکیم کے شامل منصوبوں میں شامل رکھاہے جیسے ہی فنڈز دستیاب ہوں، ڈرینج اور سیوریج پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ٹان چیئرمینز اور یوسی چیئرمینز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں صفائی، گٹر لائنوں اور سڑکوں کی مرمت کے لیے مہیا فنڈز استعمال کیے جائیں اور مون سون انتظامات کے حوالے سے ہر ہفتے اجلاس طلب کر کے پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے، ڈی سی حیدرآباد نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز کا مسئلہ حل کرنے کے لئے فوری طور پر نئے مین ہولز نصب کئے جائیں جبکہ محرم الحرام سے قبل جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے افسران کو وادھو واہ کی صفائی جبکہ واسا کو دیگر نالوں کی صفائی کا ٹاسک سونپا گیا۔ٹان چیئرمینز نے بتایا کہ واسا انتظامیہ پر زور دیا جائے کہ وہ لائنیں بچھانے کے بعد کنکشن کو بھی یقینی بنائے کیونکہ کئی علاقوں میں لائینیں بچھا دی جاتی ہے لیکن کنکشن نہیں لگائے جاتے، ڈی سی نے واسا کے ایکسیئن کو ہدایت دی کہ بڑے نالوں کی صفائی کو ترجیح دی جائے کیونکہ چھوٹی نالیوں کی صفائی تو کی جاتی ہے مگر برساتی نالے نظر انداز ہوتے ہیں۔

اجلاس میں تجاوزات کے مکمل خاتمے، ایل پی جی دکانوں کو رہائشی و حساس علاقوں سے کھلی مقامات پر منتقل کرنے اور بارشوں میں نکاسی آب کی مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ پکا قلعہ، پریٹ آباد، علی آباد اور لیاقت کالونی جیسے علاقوں سمیت نشیبی علاقوں کی نکاسی آب کے انتظامات بہتر کیے جائیں گے اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کی مشینیں فراہم کی جائیں گی، ریلوے اسٹیشن پر ہر سال جمع ہونے والے پانی پر ضابطہ لانے کے لئے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی، مون سون کی بارشوں کے دوران زیادہ متاثرہ علاقوں میں مشینری سمیت دیگر آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایریگیشن افسران نے اجلاس کو بتایا کہ وادہوں واہ سمیت دیگر مقامات کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد صفائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی واضح ہدایات ہیں کہ مون سون اور محرم الحرام کے دوران انتظامات کو ہر صورت میں موثر اور مربوط بنایا جائے، تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ عوام کو بہتر نتائج فراہم کیے جا سکیں۔