پی آئی ٹی بی کی جانب سے این ایچ ایم پی کیلئے جیو فینسنگ ایپ بارے فیلڈ ٹریننگ کا انعقاد

جمعہ 20 جون 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس(این ایچ ایم پی ) کیلئے پی آئی ٹی بی کی وضع کردہ جیو فینسنگ ایپ پر فیلڈ ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد آپریشنل مانیٹرنگ کو موثر اور ڈیٹا کی درستگی کو بہتر بنانا تھا۔ترجمان کے مطابق یہ سیشن پی آئی ٹی بی آئی ٹی پروگرام آفیسرز جنید افضل، انعم ندیم، ابوذر حیدر اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے آئی ٹی وِنگ کی زیرِ نگرانی منعقد کیا گیا جس کا مقصد ریئل ٹائم فعالیت کو جانچنا اور Beat 04 (زون، N5 نارتھ، سیکٹر، نارتھ 1) سے آن گرائونڈ ڈیٹا اکٹھا کرنا تھا۔

ترجمان کے مطاق ٹیموں نے این ایچ ایم پی کے متعدد دفاتر کا دورہ کیا اور شرکاء کو ایپ کے فیچرز سے متعارف کروایا، سروے کیے اور بغیر کسی رکاوٹ کے فیلڈ ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا، یہ عملی ٹریننگ این ایچ ایم پی کے ورک فلو کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے جو ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور شاہراہوں کی نگرانی میں معاون ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی کی وضع کردہ جیو فینسنگ ایپ کا مقصد فیلڈ افسران کو ریئل ٹائم میں ایسے ٹولز فراہم کرنا ہے جو ان کے فوری رسپانس، شفافیت اور عوامی خدمت کی صلاحیت کو بڑھائیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ اشتراک اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ادارہ جاتی صلاحیت کو سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔