لاہور ، معمولی جھگڑے پر 12سالہ بچے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی

طاہر اور عفان نامی دو لڑکوں نے پہلے اویس کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ، مقدمہ درج کر لیا گیا

ہفتہ 21 جون 2025 18:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 12سالہ بچے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پرانی انار کلی میں 12سالہ بچے اویس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔

(جاری ہے)

اویس اپنے بھائی کی جیولری شاپ پر موجود تھا کہ طاہر اور عفان نامی دو لڑکوں نے معمولی جھگڑے کے بعد پہلے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، واقعے کے بعد اویس شدید جھلس گیا اور اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

زخمی بچے کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آ گیا ہے جس میں اس نے وقوعہ کی تفصیل بتائی ہے۔زخمی بچے کے بھائی محمد رجب کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، تاہم ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔