فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانے اور اصلاحی نوٹسزجاری

ہفتہ 21 جون 2025 22:34

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔ فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے گھڑی پن بازار میں قائم فاسٹ فوڈ سنٹر،ہوٹلز،بیکری،کباب ہائوس اور دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا۔موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر آئل ،دودھ کے نمونہ جات حاصل کر کے لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔

لیبارٹری تجزیہ کی رپورٹ کی روشنی میں غیر معیاری آئل موقع پر تلف کیا گیا،متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو صفائی ستھرائی سمیت اشیائے خوردونوش کے معیار کو بہتر بنانے اور فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیر پر عملدرآمد کی سختی سے ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد عوام کو صحت بخش، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہے۔ اس مشن کے تحت فوڈ اتھارٹی اپنی کارروائیاں مزید مؤثر اور سخت بنا رہی ہے تاکہ غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ ،ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت کو روکا جا سکے۔ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، ہوٹلز، بیکریوں، فاسٹ فوڈ سنٹرز اور دودھ فروشوں،بچوں کی کھانے پینے کی اشیاء جن میں سنیکس ،پاپڑ ،آئسکریم،قلفیاں،پاپڑ ،چاکلیٹ سمیت مشروبات کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے موقع پر ہی اشیاء کی جانچ کی جاتی ہے۔

فوڈ اتھارٹی نہ صرف خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے بلکہ عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے صارفین کو بھی تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ وہ معیاری اور ناقص خوراک میں فرق جان سکیں اور اپنی صحت کے تحفظ کو یقینی بنا سکیں۔ شہری فوڈ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک ،غیر رجسٹرڈ ،غیر معیاری اشیائے خوردونوش ،دودھ،مشروبات کیخلاف فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر رپورٹ کریں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :