تخلیقی توانائی رکھنے والے نوجوان شعراء مستقبل کا سرمایہ ہیں،بزمِ ندیم کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ندیم

اتوار 22 جون 2025 16:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) بزمِ ندیم کے سرپرست اعلیٰ و بانی پروفیسر ندیم نے کہا ہے کہ شاعری محض تفریح طبع کا نام نہیں بلکہ تعمیری عمل ہے،تخلیقی توانائی رکھنے والے نوجوان شعراء مستقبل کا سرمایہ ہیں، نوجوان شاعروں کی اصلاح اور ان کو آگے بڑھنے کے تمام مواقع فراہم کرنا ہمارا مشن ہے،ہمیں فخر ہے کہ ملتان اور جنوبی پنجاب میں بے شمار نئے شاعروں کا اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے،سب سے بڑی خوبی وقت پر مشاعرہ شروع کرنا اور وقت پر ہی ختم کرنا ہے،وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو وقت کی قدر کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزمِ ندیم 105 ویں مشاعرے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے صدر مخدوم اکبر ہاشمی، مہمانِ خصوصی ارشد ملتانی، مہمانِ اعزاز انعام الحق معصوم اور ڈاکٹر مقبول گیلانی نے کہا کہ بزم ندیم کے بانی پروفیسر ندیم عربی، فارسی اور اردو کے ماہر استاد ہیں جو نئے اور پرانے شاعروں کی بہترین اصلاح کر رہے ہیں اور باقاعدگی سے ہر ماہ مشاعرہ کرانا انہی کا طرہ امتیاز ہے جو مہنگائی کے اس دور میں بھی اچھا مشاعرہ سننے کو ملتا ہے۔

(جاری ہے)

مشاعرے کا آغاز ڈاکٹر مقبول گیلانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نعت کی سعادت منظور اعوان نے حاصل کی۔ تانیہ عابدی، صائمہ صائمی، شازیہ کنول، احسان ماہی، سجاد ملک، غفور بلوچ، غلام فرید سیال، آصف بٹ، اشرف جاوید، افضل میر افضل اور مونس ہاشمی شامل ہیں نے مشاعرے میں اپنا اپنا کلام سنایا۔