پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں مریضوں کو نیورو اینڈو ویسکولر سروسز فراہمی کے لیے ایس او پیز جاری کر دئیے گئے

اتوار 22 جون 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں لاہور جنرل ہسپتال کے مریضوں کو نیورو اینڈو ویسکولر سروسز فراہمی کے لیے ایس او پیز جاری کر دئیے گئے ہیں۔پنز میں شعبہ نیورو اینڈو ویسکولر سرجری کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر کی طرف سے جاری ایس او پیز کے مطابق پنز انتظامیہ نیورو اینڈو ویسکولر / نیورو انٹروینشن سروسز فراہمی کے وقت کسی قسم کے اخراجات لیے بغیر لاہور جنرل ہسپتال کے مریضوں کو تمام ڈسپوزیبلز اور اینستھیزیا کی ادویات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہو گی۔

ایل جی ایچ کا کوئی بھی پرائمری یونٹ اگر کسی مریض کے لیے نیورو اینڈو ویسکولر ٹیسٹ کی ضرورت محسوس کرے تو متعلقہ میڈیکل ریکارڈ کے ساتھ یونٹ فزیشن کے ذریعے پنز ڈیپارٹمنٹ کو باضابطہ آگاہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جاری ایس او پیز کے مطابق ریٹینو بلاسٹوما میں مبتلا بچوں کو انٹرا آرٹیریل کیموتھراپی کے دوران کیموتھراپی دوا کی ضرورت ہوتی ہے، یہ دوا چونکہ محکمہ ڈراپ کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے، اس لیے اسے نہ تو مقامی خریداری کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ٹینڈر کے ذریعے اس لیے تجویز دی گئی ہے کہ ایل جی ایچ یہ دوا بیت المال کے ذریعے حاصل کرے اور مریض کے ساتھ طے شدہ تاریخ پر فراہم کرے تاہم ایسے مریضوں کے لیے فالو اپ پلان، دوا کی مطلوبہ مقدار اور علاج معالجے کی تفصیلات کا واضح ہونا ضروری ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر نے کہا کہ پنز میں تمام کیسز کی شیڈولنگ میرٹ کی بنیاد پر ہوتی ہے اور ایمرجنسی کیسز کو ترجیح دی جاتی ہے، ایس او پیز جاری کرنیکا مقصد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز اور لاہور جنرل ہسپتال کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی دوستانہ تعلقات قائم کرنے اور انہیں فروغ دینا ہے تاکہ مل کر مریضوں کی بہتر اور محفوظ دیکھ بھال اور طبی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کیا جا سکے۔