تاجروں کے اعتماد کے ساتھ حق و سچ کی فتح ممکن ہوئی،سید راشدعلی شاہ

ْ مخالفین کی سازشیں، شرارتیں، بہتان تراشی اور بلیک میلنگ آج نشان عبرت بن چکی ہیں، رپورٹ

اتوار 22 جون 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) بابر مارکیٹ کے نومنتخب جنرل سیکریٹری سید راشد علی شاہ نے کہا ہے کہ تاجرانِ بابر مارکیٹ کو ان کی اپنی نمائندہ، قانونی اور باوقار تاجر انجمن کے قیام پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن مارکیٹ کی تاریخ کا سنہرا دن ہے، جس میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور تاجروں کے اعتماد کے ساتھ حق و سچ کی فتح ممکن ہوئی۔

مخالفین کی سازشیں، شرارتیں، بہتان تراشی اور بلیک میلنگ آج نشان عبرت بن چکی ہیں۔ ان شاء اللہ ہم سب مل کر بے لوث خدمت کے نیک مشن کو پورا کریں گے۔انہوں نے یہ بات اپنی منتخب جنرل باڈی کے ہمراہ بابر مارکیٹ کے دورے کے دوران تاجروں سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ سید راشد علی شاہ نے ربِ ذوالجلال کی مدد و نصرت پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے تاجروں کے مسائل کو احسن طریقے سے حل کرنے کی ہمت و استقامت عطا فرمائے اور ہماری بابر مارکیٹ کو عظیم سے عظیم تر بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ کرپٹ ٹولے سے مارکیٹ کو نجات ملنا تاجروں کی دیرینہ خواہش تھی، جو آج الحمدللہ پوری ہوئی۔ ہم آج کے دن اپنے سابق مخالفین کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں، تاہم اگر کسی نے آئندہ بھی بلیک میلنگ، سازش یا منفی رویے کو جاری رکھا تو سخت قانونی اور تنظیمی ردعمل دیا جائے گا۔سید راشد علی شاہ نے تاجروں کو آگاہ کیا کہ مارکیٹ کے سابق جنرل سیکریٹری فیصل انصاری کی جانب سے مختلف اداروں میں جمع کروائی گئی انجمن آفس مسمار کرانے کی درخواست پر ڈی سی کورنگی نے آفس کو سیل کر دیا ہے۔

ہم نے وقتی طور پر عارضی آفس حاصل کر لیا ہے، جلد اس کی تفصیلات آپ سب کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری منتخب انجمن کو تاجروں کی طاقت بنانا ہے۔ اگر اتحاد و یکجہتی قائم رکھی جائے تو کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اللہ نے ہمیں خدمت کا جو موقع دیا ہے، اسے بہترین طریقے سے نبھائیں گے۔اس موقع پر بابر مارکیٹ زون کے چیئرمین زونیر محمد علی نے اپنے دست مبارک سے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے جنرل باڈی اراکین کو باقاعدہ چارج دیا۔

نومنتخب جنرل باڈی میں شامل عہدیداران میں صدر ارشاد احمد بھٹو،جنرل سیکریٹری سید راشد علی شاہ،سینئر نائب صدر حاجی خالد انصاری،نائب صدورسید مراد علی، محمد سمیر،سینئر جوائنٹ سیکریٹری ندیم خان،جوائنٹ سیکریٹریز محمد صابر، فرحان انصاری، ذیشان راشد،فائنانس سیکریٹری غلام صابر،انفارمیشن سیکریٹری امجد شان انصاری،آفس سیکریٹری امتیاز راناکے نام شامل ہیں۔اس موقع پر چیئرمین زونیر محمد علی نے منتخب ٹیم کو نیک خواہشات کے ساتھ تلقین کی کہ وہ مارکیٹ کی تعمیر و ترقی، تاجروں کی فلاح و بہبود اور بابر مارکیٹ کے وقار کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پر اعلان کیا گیاکہ عنقریب حلف برداری کی باوقار تقریب میں جنرل باڈی باقاعدہ حلف اٹھائے گی۔