ضلع جہلم ویلی میں سیز فائر لاین کے متاثرین ودیگر شہریوں کے لئے ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا

پیر 23 جون 2025 04:05

مظفرآباد+جہلم ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) خدیجہ زرین خان فاونڈیشن اور الشفا آئی ٹرسٹ کے اشتراک سے ضلع جہلم ویلی میں سیز فائر لاین کے متاثرین ودیگر شہریوں کے لئے ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 460 سے زائد مریضوں کا چیک اپ، 363 مریضوں کو مفت ادویات اور عینکیں فراہم کی گئیں، جبکہ آٹھ مریضوں کو لیزر آپریشن کے لیے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال مظفرآباد ریفر کیا گیا جہاں ان کا مفت آپریشن کیا جائے گا۔

ضلع جہلم ویلی کے کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں چکوٹھی، چناری، لیپہ ویلی، ہٹیاں بالا اور دیگر دیہاتوں کے لیے خدیجہ زرین خان فاؤنڈیشن نے الشفا آئی ٹرسٹ کے اشتراک سے ایک بڑے فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا جس سے سینکڑوں مریضوں نے استفادہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

کیمپ میں ماہرین امراض چشم ڈاکٹروں کی ٹیم نے 460 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا، آنکھوں کے مختلف امراض میں مبتلا 363 افراد کو فوری طور پر مفت عینکیں اور ادویات فراہم کی گئیں جبکہ 8 مریض جنہیں آپریشن کی ضرورت تھی ان کے لیے رہائش، کھانے پینے اور سفری سہولیات کا مکمل بندوبست بھی کیا گیا جن کا لیزر آپریشن الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال مظفرآباد میں کیا جائے گا۔

فری آئی کیمپ کا مقصد کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے ان افراد تک علاج کی سہولیات پہنچانا تھی جو وسائل کی کمی اور نامساعد حالات کے باعث معیاری علاج سے محروم رہتے ہیں۔اس موقع پر آنے والے مریضوں نے فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ، ''خدیجہ زرین خان فاؤنڈیشن نہایت خاموشی اور اخلاص کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے، ان کی یہ کاوشیں قابل ستائش اور ناقابل فراموش ہیں۔

ایسے فلاحی اقدامات ہی معاشرے میں روشنی اور امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔بالخصوص کنٹرول لائن کے متاثرہ اور پسماندہ علاقوں میں اس نوعیت کے فری میڈیکل کیمپس نہایت اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ یہ علاقے اکثر طبی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔خدیجہ زرین خان فاؤنڈیشن اور الشفا آئی ٹرسٹ کی اس مشترکہ کاوش کو مقامی افراد، مریضوں اور مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے اس اقدام کو ایک مثالی خدمت قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :