سرگودھا میں فائرنگ ، ویٹرنری ڈاکٹر ہلاک

پیر 23 جون 2025 17:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) سرگودھا کی نواحی تحصیل شاہ پور تھانہ کی حدود میں فائرنگ سے ویٹرنری ڈاکٹر ہلاک جبکہ جیک پھسلنے سے ڈمپر کے نیچے آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی نواحی تحصیل شاہ پور تھانہ کی حدود میں سلطان پور کے علاقے میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دُھند فائرنگ سے ویٹرنری ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیور 1122 کے ذرائع کے مطابق 55 سالہ غلام عباس سلطان پور ضلع سرگودھا میں سینئر لائیو سٹاک ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔ ویٹرنری ڈاکٹر غلام عباس اپنی موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک سامنے سے آنے والے نامعلوم افراد نے اندھا دُھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ شاہ پور نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شاہپورمنتقل کر دیا۔

ایک اور واقعہ میں ڈمپر کی مرمت کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔ شاہ نکڈر پولیس کی حدود میں جھامرہ چیک پوسٹ پر ڈمپر کی مرمت کے دوران جیک پھسلنے سے ایک مکینک ڈمپر کے نیچے آ کرجاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق ادریس، بابر اور نزاکت نامی مکینکس ڈمپر کو جیک لگا کر ڈمپر کی مرمت میں مصروف تھے کہ اچانک جیک پھسل گیا جس کے نتیجے میں ادریس نامی مکینک موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ،مزید کارروائی جاری ہے۔