دانش تیمورکی ایک بات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی، عائزہ خان

پیر 23 جون 2025 20:51

دانش تیمورکی ایک بات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی، عائزہ خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2025ء) اداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا کہ ایک معاملے پر وہ اور دانش تیمور کبھی بھی ایک رائے پر متفق نہیں ہوتے۔حال ہی میں عائزہ خان نے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ان سے مختلف دلچسپ سوالات کیے گئے۔ایک سوال کے جواب میں عائزہ خان نے کہا کہ ان کے شوہر دانش تیمور کے ساتھ ایک ہی شعبے سے تعلق ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ وہ دونوں ایک ساتھ کسی بھی پراجیکٹ پر کام کرسکتے ہیں، تاہم اس کا منفی پہلو یہ ہے کہ بعض اوقات ان دونوں کا ایک دوسرے سے موازنہ کیا جاتا ہے، جو انہیں بالکل بھی پسند نہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کن موضوعات پر ہمیشہ بات کرسکتی ہیں، تو عائزہ خان نے بتایا کہ وہ سفر، فیشن اور تعلیم جیسے موضوعات پر بات کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ وہ عمدہ کھانا بنانا سیکھ جائیں۔عائزہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی ایک خاصیت یہ ہے کہ وہ بغیر نیند لیے چوبیس گھنٹے کام کر سکتی ہیں اور پھر بھی اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتی ہیں، تاہم ان کے بقول انہیں نہیں معلوم کہ یہ خوبی دوسروں کی نظر میں ہنر میں شمار ہوتی ہے یا نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اور دانش تیمور کبھی اس بات پر متفق نہیں ہو پاتے کہ میسی، رونالڈو سے زیادہ بہتر ہے۔آخر میں عائزہ خان نے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب وہ اور دانش تیمور نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ اسکرین سے بھی بالکل غائب ہوجائیں گے اور سوئٹزرلینڈ منتقل ہوجائیں گے۔