وائس چانسلر یو ای ٹی نے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں 25 جدید آر او واٹر فلٹریشن پلانٹس اور واٹر کولرز کا افتتاح کر دیا

پیر 23 جون 2025 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں 25 جدید آر او واٹر فلٹریشن پلانٹس اور واٹر کولرز کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ سہولیات 17 ہاسٹلز اور 4 مساجد سمیت مختلف مقامات پر نصب کی گئی ہیں تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ قابلِ تحسین منصوبہ یو ای ٹی کے سابق طالبعلم اور ایم اینڈ جے انجینئرنگ کے سی ای او، انجینئر مقصود احمد ملک (82-سول) کی مالی معاونت سے ممکن ہوا۔ افتتاحی تقریب میں یو ای ٹی لاہور کے تمام ڈینز اور افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران، انچارج آفس آف ایلومینائی یو ای ٹی انجینئر احمد نوید نے شرکا کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور یو ای ٹی ایلومینائی کینیڈا چیپٹر کے صدر، انجینئر عرفان احمد کے اس منصوبے کے آغاز اور تکمیل میں کلیدی کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

تقریب میں انجینئر مقصود احمد ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے انجینئر حمزہ ملک اور محمود احمد ملک نے خصوصی شرکت کی۔ انجینئر حمزہ ملک نے یو ای ٹی کی شاندار روایات اور وسیع ایلومینائی نیٹ ورک کو سراہا اور یو ای ٹی کی ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی ایلومینائی کمیونٹی کے اس قابلِ قدر اقدام کو سراہا اور ادارے کی بہتری اور طلبہ کی فلاح کے لیے جاری و آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالی جنہیں ایلومینائی کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ یو ای ٹی کے سابق طلبہ اپنے مادرِ علمی کی ترقی و خوشحالی میں سرگرم عمل ہیں اور اپنے بھر پور تعاون سے حال اور مستقبل کو روشن بنا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :