سیالکوٹ پولیس کی کامیاب کارروائی،چوری کی بڑی واردات کا معمہ چند گھنٹوں میں حل،ملزم گرفتار

پیر 23 جون 2025 22:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) سیالکوٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہری کے گھر چوری کی بڑی واردات کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق صدر ڈسکہ کے علاقہ شیرا دا کوٹ میں شہری غلام رسول کے گھر نامعلوم ملزمان نے چوری کی واردات کرتے ہوئے 25 تولے سونے کے زیورات اور نقدی چرا لی تھی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے شہری کے گھر چوری کی بڑی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل کو ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے چوری شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے۔ڈی پی او کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ صدر ڈسکہ نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے فوری کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم متاثرہ شہری کا سگا بھتیجا نکلا، جس نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں واردات کی اور زیورات کو بینک لاکر میں رکھ دیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر تمام مال مسروقہ، جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سیالکوٹ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :