عمر فاروقؓ کا کردار اسلامی دنیا کے لیے ایک مثالی بنیاد ہے،مفتی فیض القادری

حضرت عمرؓ نے وہ نقوش چھوڑے جنہیں تاریخ قیامت تک فراموش نہ کر سکے گی

منگل 24 جون 2025 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر و مہتمم جامعہ غوثیہ طفیلیہ گلفشاں سوسائٹی کراچی ،ممتاز عالم دین مفتی محمد فیض القادری نے کہا ہے کہ اسلام کے عظیم جرنیل، خلیفہء دوم، امیر المؤمنین، غیض المنافقین، امام المجاہدین، حضرت سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ و ارضاہ کا یومِ شہادت نہایت ادب و احترام سے منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا کردار، خلافت اور عدل اسلامی دنیا کے لیے ایک ایسی مثالی بنیاد ہے، جس پر آج بھی فلاحی ریاست کی تعمیر ممکن ہے۔ نبی کریم ﷺ کی دعا سے مشرف بہ اسلام ہونے والے عمرؓ نے اپنی شجاعت، دیانت، فہم و فراست، قانون سازی، رعایا پروری، عدل گستری اور دشمن پر ہیبت کے ذریعے وہ نقوش چھوڑے جنہیں تاریخ قیامت تک فراموش نہ کر سکے گی۔

(جاری ہے)

مفتی فیض القادری نے کہا کہ حضرت عمرؓ کا دور خلافت اسلام کا سیاسی و معاشی عروج، عدل و انصاف کا اعلیٰ نمونہ اور رفاہ عامہ کا روشن باب ہے۔ آپ نے اسلامی دنیا کو منظم ریاستی نظام، بیت المال، عدالت، افواج، زراعت، مردم شماری اور رعایا کی خدمت جیسے شعبوں میں رہنمائی فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کی جانب سے سیدنا عمر فاروقؓ کا یومِ شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

اس موقع پر مختلف مدارس، جامعات اور مساجد میں سیرتِ فاروقیؓ پر خصوصی نشستیں، قرآن خوانی، درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔مفتی محمد فیض القادری نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ سیرتِ فاروق اعظمؓ کو پڑھیں، سمجھیں اور اپنی زندگی میں نافذ کریں۔ حضرت عمرؓ کی جرات، دیانت، قیادت اور فلاحی فکر آج کے انتشار زدہ دور میں ایک کامل رہنمائی ہے۔ اگر ہم نے ان کے راستے کو اپنا لیا تو امت مسلمہ دوبارہ عروج کی طرف گامزن ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اسوہء خلفائے راشدین کو اپنانا ہی دینی غیرت، محبتِ رسول ﷺ اور اتحادِ امت کی اصل روح ہے، اور یہی جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کا پیغام اور مشن ہے۔