آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے 16برس بیت گئے

ان کا انتقال 25 جون 2009 کو لاس اینجلس میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا مائیکل جیکسن کے 750 ملین سے زائد ریکارڈز دنیا بھر میں فروخت ہو چکے ہیں

بدھ 25 جون 2025 11:30

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)دنیا بھر میں موسیقی کے چاہنے والے آج آنجہانی گلوکار مائیکل جیکسن کی برسی پر انہیں خوب یاد کر رہے ہیں، جنہیں انتقال کیے 16 برس بیت چکے ہیں۔کنگ آف پاپ کے نام سے مشہور مائیکل جیکسن کا انتقال 25 جون 2009 کو لاس اینجلس میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔اس وقت وہ لندن میں اپنے کم بیک کنسرٹ سیریز ’’دِس اِز اِٹ‘‘کی تیاریوں میں مصروف تھے، جو ان کی فنی زندگی کا نیا باب ثابت ہونا تھا، مگر ان کی اچانک موت نے پوری دنیا کو سوگوار کر دیا۔

مائیکل جیکسن کا شمار تاریخ کے سب سے عظیم فنکاروں میں ہوتا ہے، ان کے گانوں، ڈانس، اور اسٹیج پرفارمنس نے دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ایک اندازہ کے مطابق مائیکل جیکسن کے 750 ملین سے زائد ریکارڈز دنیا بھر میں فروخت ہو چکے ہیں اور ان کا ثقافتی اثر آج بھی جدید موسیقی، ویڈیوز اور پرفارمنس اسٹائل میں واضح نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

مائیکل جیکسن کے ذاتی معالج ڈاکٹر کونراڈ مرے کے مطابق 50 سالہ مائیکل جیکسن کو نیند کی کمی کی شکایت تھی۔

ڈاکٹر کونراڈ مرے نے انہیں خواب آور ادویات کا بھاری ڈوز دے دیا تھا جس کے چند منٹ بعد ہی انہیں سانس لینے میں دشواری ہونے لگی، فوری طور پر طبی امداد طلب کی گئی، مگر مسلسل کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور دو گھنٹے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :