کراچی، 5 منزلہ عمارت کے ملبے سے 4لاشیں نکال لی گئیں، مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

ٹراماسینٹرمیں 6 زخمیوں کولایا گیا ہے جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، ہسپتال انتظامیہ، وزیراعلیٰ اورگورنر سندھ کا واقعہ کا نوٹس،متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 12:55

کراچی، 5 منزلہ عمارت کے ملبے سے 4لاشیں نکال لی گئیں، مزید افراد کو نکالنے ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)کراچی میں 5 منزلہ عمارت کے ملبے سے 4لاشیں نکال لی گئیں،ملبے میں دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے، ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹراماسینٹرمیں 6 زخمیوں کولایا گیا ہے جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ایدھی کے ترجمان نے بتایا کہ ملبے سے 2 لاشیں اور 5 زخمیوں کو نکالا گیا۔ کراچی کے جناح ہسپتال اور سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی 2 منزلہ عمارت کو بھی خالی کرالیا گیا ہے جب کہ دیگر ملحقہ عمارتوں کو بھی ممکنہ نقصان کے پیش نظر خطرے میں تصور کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ریسکیو اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے کراچی بھر میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت میں پھنسے تمام لوگوں کو جلد ریسکیو کیا جائے، اطراف میں تمام رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہر کی بوسیدہ و خستہ حال عمارتوں کی تفصیلات فوری طلب کر لیں اور حکم دیا ہے کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رہائشی عمارت گرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری، مؤثر اور ہم آہنگ امدادی کارروائی کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ملبے تلے پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا جائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔