بھارتی ریاست راجستھان میں فرانسیسی خاتون کی عصمت دری ، شکایت درج

بدھ 25 جون 2025 12:44

جے پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) بھارتی ریاست راجستھان میں فرانس کی ایک 30سالہ خاتون سیاح نے ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازم کے خلاف عصمت دری کی شکایت درج کرائی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ 22جون کو اودھے پور میں پیش آیا اور اگلے دن رات 11بجے کے قریب ایف آئی آر درج کی گئی۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ 22جون کو دہلی سے اودھے پور پہنچی ، وہ ایک کیفے میں رات کا کھانا کھا رہی تھی کہ ایک شخص ( پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی میں کام کرتا ہے)اس کی میز پر آیا اور اس نے تجویز کیا کہ ہم باہر سگریٹ پینے جائیں اور پھر مجھے ڈرائیو پر لے گیا۔

میں نے کئی بار اس سے اپنے ہوٹل جانے کی درخواست کی لیکن اس کے بجائے وہ مجھے اپنے اپارٹمنٹ پر لے گیا، وہاں اس نے مجھ سے گلے ملنے کے لیے کہا جس سے میں نے انکار کر دیا، پھر اس نے مجھے زبردستی گلے لگایا اور مجھے چھونے لگا جبکہ میں واضح طور پر ''نہیں''کہہ رہی تھی، میں رونے لگی اور اس نے میرے ساتھ زیادتی کی۔

(جاری ہے)

فرانسیسی خاتون نے کہاکہ ہوٹل پہنچنے کے بعدوہ اپنے دوستوں سے ملی جو اسے پولیس سٹیشن لے گئے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ اودھے پوریوگیش گوئل نے ملزم کی شناخت سدھارتھ نامی شخص کے طور پر کی ۔ پولیس افسر نے بتایا کہ ہم نے خاتون کا طبی معائنہ کرایا اور اس کے جاننے والے لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ ملزم ابھی تک مفرور ہے۔پولیس افسر نے بتایاکہ متاثرہ خاتون دیگر فرانسیسی خواتین کے ساتھ شہر کا دورہ کر رہی تھی جبکہ ملزم ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی میں کام کرتا ہے۔