شدید بارش کے باعث حادثات، 2 افراد جاں بحق، کئی مکانوں کی چھتیں گرگئیں

مزید بارشوں کی پیشگوئی پر صوبائی کنٹرول روم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 26 جون 2025 12:40

شدید بارش کے باعث حادثات، 2 افراد جاں بحق، کئی مکانوں کی چھتیں گرگئیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2025ء ) ملک کے مختلف میں شدید بارش کے باعث ہونے والے حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے اور کئی مکانوں کی چھتیں گرگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے، ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ اوکاڑہ میں بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی ریاض آباد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق بچی کی شناخت دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 7 سالہ مہوش اور 6 سالہ ارم شامل ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ قصور کے نواحی گاؤں تلونڈی میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور ریسکیو کر کے نکال لیا گیا، بچوں کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا، اسی طرح حجرہ شاہ مقیم میں بھی تیز بارش کے باعث اٹاری روڑ پر محنت کشوں کے تین گھروں کی چھتیں گر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ جہلم کے علاقے سوہاوہ میں ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب گیا، اوکاڑہ میں آسمانی بجلی سے ایک شخص زخمی ہوگیا، علاوہ ازیں جڑانوالہ 240 موڑ پر چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا اور ساہیوال کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے، دیپال پور میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، شیخ بستی میں کچن گرنے سے ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشیں ہوں گی، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش ہوگی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے تیار رہیں، صوبائی کنٹرول روم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے، 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، بارشوں کا یہ سپیل یکم جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، شہری احتیاط کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، شہر ی کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کونشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دیں، شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔