فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے اندرون شہر کی کالونیوں میں نالیوں کی صفائی کرنا چھوڑ دیا

جمعرات 26 جون 2025 16:28

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت تحصیل جڑانوالہ و کھرڑیانوالہ میں تقریباً 18 ارب روپے کی خطیر رقم سے صفائی ستھرائی کا منصوبہ شروع کیا گیا جسے فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے حاصل کیا،ذرائع کے مطابق فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے اندرون شہر و دیہات میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سیوریج نالیوں کی صفائی یقینی بنانے کیلئے 1200 سے زائد ورکرز بھرتی کئے ہوئے ہیں تاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کو کامیاب بنایا جا سکے وسیع تر وسائل ورکرز کی فراہمی خطیر رقم کی ادائیگی کے باوجود اندرون شہر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ستھرا پنجاب مبینہ طور پر ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ملازمین گلی محلوں سے صرف کوڑا کرکٹ اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں مگر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ملازمین نے نالیوں کی صفائی کرنا چھوڑ دیا ہے جسکے باعث اکثر گلی محلوں میں گندا پانی کھڑا ہونے سے علاقہ میکنوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے نالیوں کی صفائی نہ ہونے پر کھڑے گندے پانی سے بدبو اور تعفن پھیلنے کا خدشہ بھی لاحق ہو چکا ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی مبینہ طور پر نالیوں کی صفائی نہ کرنے کی مد میں مبینہ طور پر ماہانہ کروڑوں روپے کا فائدہ اٹھا رہی ہے ورکرز صرف کوڑا کرکٹ اٹھانے تک محدود ہے جبکہ ستھرا پنجاب مہم کو مانیٹرنگ کرنے والے فیصل آباد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے تحصیل افسران مبینہ طور پر فوٹو سیشن تک محدود ہو چکے ہیں اور گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ اٹھاتے ورکرز کی تصاویر ایپ پر اپ لوڈ کرکے حکام بالا کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے اس گھمبیر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کی کالونیوں میں نالیوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جائے