ڈینگی وائرس ایک سنگین مگر قابلِ انسداد بیماری ہے،احتیاط اور بروقت اقدامات سے بچائو ممکن ہے، ڈاکٹر قندیل قیصر

جمعرات 26 جون 2025 22:38

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک ڈاکٹر قندیل قیصر نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس ایک سنگین مگر قابلِ انسداد بیماری ہے، جس سے بچاؤ صرف احتیاط اور بروقت اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مچھر سے پیدا ہونے والا یہ وائرس ہر سال ہزاروں افراد کو متاثر کرتا ہے اور اگر بروقت تشخیص نہ ہو تو یہ مہلک بھی ثابت ہو سکتا ہے، عوام اپنے گھروں اور آس پاس کے ماحول کو صاف رکھیں، صاف پانی کو ڈھانپ کر رکھیں اور پرانے ٹائروں، گملوں یا کسی بھی ایسی جگہ پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں جہاں مچھر افزائش پا سکتے ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالےسے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میں ڈینگی کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، عوام کو چاہیے کہ بخار، جسم میں درد یا سرخ دھبے ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ہسپتال سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

تقریب میں موجود ماہرینِ صحت نے بھی مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنا ہی ڈینگی سے بچاؤ کی سب سے مؤثر حکمت عملی ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل معلوماتی پمفلٹ تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء سے عہد لیا گیا کہ وہ اپنی کمیونٹی میں بھی اس پیغام کو عام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :