نمبر پلیٹس کی تبدیلی یا عوام کی تذلیل عوام کا غصہ عروج پر ، شہری حقوق کمیٹی حکومت پر برس پڑی

جمعرات 3 جولائی 2025 22:03

نمبر پلیٹس کی تبدیلی یا عوام کی تذلیل عوام کا غصہ عروج پر ، شہری حقوق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)نمبر پلیٹوں کی اچانک تبدیلی کی مہم نے شہریوں میں شدید اضطراب پیدا کر دیا۔ مختلف علاقوں میں ٹریفک اہلکاروں اور عوام کے درمیان محاذ آرائی، تکرار اور گالم گلوچ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ عوام کا غم و غصہ عروج پر ہے، جب کہ کئی شہریوں نے سوشل میڈیا پر بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے شہری حقوق کمیٹی کے صدر شکیل قاسمی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کو نمبر پلیٹس تبدیل کروانی ہیں تو یہ سہولت شہریوں کو مفت فراہم کی جائے۔ پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام پر یہ نیا بوجھ ڈالنا زیادتی ہے۔ بغیر اطلاع یا مناسب آگاہی کے شہریوں کو روکنا، جرمانہ کرنا یا ہراساں کرنا کسی بھی طرح جائز نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے قوانین یا اقدامات سے پہلے مناسب مہم، عوامی آگاہی اور مرحلہ وار عمل درآمد ضروری ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ طرز عمل سے شہریوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے جو حکومت اور اداروں کے خلاف بداعتمادی کو جنم دے سکتی ہے۔شکیل قاسمی نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی ٹریفک سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو فوری ریلیف دیا جائے،نمبر پلیٹس کی تبدیلی رضاکارانہ اور مفت کی جائے،سختی، بدسلوکی اور رشوت کی شکایات پر ایکشن لیا جائے،ٹریفک نظام کو سہل، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی اچانک تبدیلی کی مہم نے شہر میں بے چینی اور کشیدگی کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔ ٹریفک اہلکاروں اور شہریوں کے درمیان کئی مقامات پر تلخ کلامی، محاذ آرائی اور گالم گلوچ جیسے مناظر سامنے آئے، جس پر عوام کا غم و غصہ انتہاء کو پہنچ چکا ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری نمبر پلیٹس کے مسئلے پر ٹریفک اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں اور کہیں کہیں یہ جھگڑے دھکم پیل تک جا پہنچے۔

اس صورتحال پر شہری حقوق کمیٹی کے صدر شکیل قاسمی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہناہے کہ اگر حکومت کو نمبر پلیٹس تبدیل کروانی ہیں تو شہریوں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے۔ پہلے ہی عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بلوں کی بھرمار سے پریشان ہیں، اب ان پر ایک اور مالی بوجھ ڈالنا غیر منصفانہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بغیر کسی پیشگی اطلاع یا مہم کے شہریوں کو سڑکوں پر روکنا، زبردستی جرمانے عائد کرنا اور تلخ لہجے میں بات کرنا عوامی استحصال کے مترادف ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ قانون کے نفاذ کے ساتھ ساتھ عوامی وقار اور سہولت کا بھی خیال رکھے۔شکیل قاسمی نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ نمبر پلیٹس کی تبدیلی کا عمل مرحلہ وار اور بغیر فیس کے ہو، ٹریفک اہلکاروں کو شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تربیت دی جائے، رشوت، سختی اور زیادتی کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے، شہریوں کو اعتماد میں لے کر پالیسی سازی کی جائے، نہ کہ زبردستی نفاذ۔

انہوں نے کہاکہ یہ مسئلہ صرف نمبر پلیٹوں کا نہیں، حکومتی رویے، پالیسی کے نفاذ کے طریقے اور عوامی عزتِ نفس کا معاملہ ہے۔ اگر عوامی مسائل کو زبردستی، سختی یا بغیر مشاورت کے حل کرنے کی روایت برقرار رہی، تو یہ عوام اور اداروں کے درمیان خلیج کو مزید گہرا کر دے گی۔شہری حقوق کمیٹی کے صدر شکیل قاسمی نے حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی اچانک تبدیلی کی مہم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ اقدام عوام کے لیے شدید ذہنی و مالی پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے نام پر شہریوں کو سڑکوں پر روکا جا رہا ہے، ان سے بدتمیزی کی جا رہی ہے اور بعض جگہوں پر اہلکاروں کی جانب سے گالم گلوچ اور غیر ضروری جرمانوں کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں مہنگائی سے پریشان عوام پر یہ اضافی بوجھ ظلم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کا نفاذ عوام کی سہولت کے لیے کیا جانا چاہیے، نہ کہ انہیں زبردستی، ہراسانی اور بے عزتی کا نشانہ بنایا جائے۔ حکام بالا اس غیر منصفانہ عمل کا فوری نوٹس لیں اور شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے کی ہدایت جاری کریں۔مزید برآں، شکیل قاسمی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے قانونی حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ناروا سلوک کی صورت میں شہری حقوق کمیٹی سے فوری رابطہ کریں۔