سستی بجلی کی فراہمی میں ایس ٹی ڈی سی کا کلیدی کردار ہے، وزیرتوانائی سندھ

جمعرات 3 جولائی 2025 22:01

سستی بجلی کی فراہمی میں ایس ٹی ڈی سی کا کلیدی کردار ہے، وزیرتوانائی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (ایس ٹی ڈی سی)کا اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ایس ٹی ڈی سی کے سی ای او سلیم شیخ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی کے لیے ایس ٹی ڈی سی اہم کردار ادا کررہی ہے، اور اس کے منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف عام صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ صنعتی اداروں کو بھی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ایس ٹی ڈی سی مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے، جس سے صنعتکاروں کو ریلیف ملے گا اور معیشت کو استحکام ملے گا۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے اجلاس میں بتایا کہ کے فور واٹر پروجیکٹ میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ایس ٹی ڈی سی واٹر کارپوریشن کے ساتھ مل کر ذمے داریاں ادا کرے گی، جبکہ کے فور منصوبے کے تحت گرڈ اور ٹرانسمیشن لائن جون 2026 تک مکمل کرلی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نوری آباد پاور پلانٹ سے 100 میگاواٹ بجلی کی ترسیل 24 گھنٹے جاری ہے، اور ایس ٹی ڈی سی کے فور کی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے کے الیکٹرک کو بھی چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

نوری آباد ٹرانسمیشن لائن کی کارکردگی کو بھی وزیر توانائی نے تسلی بخش قرار دیا۔اجلاس میں سیکریٹری توانائی مشتاق سومرو، ایس ٹی ڈی سی کے سی ای او سلیم شیخ، عمر نواز شیخ، سجاد جونیجو، طارق سعید سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔علاوہ ازیں اجلاس میں ایس ٹی ڈی سی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر توانائی نے ہدایت دی کہ حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق کم گریڈ ملازمین کی تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کیا جائے جبکہ افسران کی تنخواہوں میں نسبتاً کم اضافہ کیا جائے، تاکہ کم آمدنی والے ملازمین کو زیادہ ریلیف مل سکے۔وزیر توانائی سندھ نے ایس ٹی ڈی سی کے افسران کو اپنی صلاحیتوں اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی۔