ایف ڈی اے کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری،3 غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا

جمعرات 26 جون 2025 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے نڑ والا روڈ پر تین غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسما ء محسن کی زیر نگرانی سٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چک نمبر 219 کی اراضی پر دو اضافی آبادیاں اور عبداللہ ویلی کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے وہاں موجود بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا اور دفاتر کو سیل کر کے ڈویلپرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت کی ضرور جانچ پڑتال کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔