تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کو بروئے کار لا کر بے روزگاری پر قابو پا سکتے ہیں ،گورنر بلوچستان

جمعرات 26 جون 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جدید مہارت کے بغیر تعلیم نامکمل ہے وقت آپہنچا ہے کہ ہم اپنے صو بہ میں معیاری ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کو زیادہ ترجیح دیں ،اکیڈمیہ اور صنعت کے درمیان مضبوط تعاون پیدا کر کے قابل گریجویٹس پیدا کئے جا سکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نےپولی ٹیکنیک کالج کے پروفیسرز اینڈ لیکچرز پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ زمانہ تکنیکی مہارت کا ہےتکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کی طاقت کو بروئے کار لا کر ہم بے روزگاری پر قابو پا سکتے ہیں ،گورنر مندوخیل نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے موجودہ پولی ٹیکنیک کالجوں کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں جہاں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ پولی ٹیکنیک کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے انجینئرز اور پیشہ وارانہ ماہرین ہی اقتصادی ترقی کے محرک ثابت ہوں گے۔