جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ وپر امن معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہیں،سی سی پی او

جمعہ 27 جون 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظرلاہور پولیس کاجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری، ماہ ِ جون میں ٹریول آئی سافٹ ویئر کے ذریعے8لاکھ80ہزار800سے زائد افرادکی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ اس دوران ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے22ہزارسے زائدافرادکو چیک کیا گیا، سمارٹ آئی سافٹ ویئر کے ذریعے1889سے زائد فارنرز کاریکارڈ چیک کیا گیاہے۔

سمارٹ آئی کے ذریعے رواں ماہ92 اشتہاری اور41عدالتی مفرور وں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دوران چیکنگ239افراد کے خلاف مختلف مقدمات میں کریمینل ریکارڈٹریس ہوئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کے لئے کارروائیاں جاری ہیں، سی سی پی او نے پولیس افسران کو مساجد، امام بارگاہوں اور محرم کے جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنزکرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران متعلقہ علاقوں میں امام بارگاہوں اور مساجد سمیت تمام اہم تنصیبات پر سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جارہاہے، انتظامیہ کو مسافروں کا ڈیٹا ہوٹل آئی، ٹریول آئی ایپ میں درج کرنے کا پابند بنائیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس سافٹ ویئرز میں ڈیٹاکا اندرج نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھنے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ اور پر امن معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔