ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی زیرصدارت انسداد ڈینگی اجلاس منعقد

جمعہ 27 جون 2025 13:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام ضیاء الرحمن کی زیرصدارت انسداد ڈینگی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے لئے ضروری ہے کہ تمام سرکاری محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں، لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے سوشل میڈیا اور یونین کونسلز کے سطح پر آگاہی دیں، سکولوں اور کالجوں میں طلباء کے لئے خصوصی سیشنز منعقد کریں، اس کے ساتھ ساتھ اپنے دفاتر، سکولوں اور سرکاری رہائش گاہوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عام لوگوں کو بھی اپنے گھروں کو صاف رکھنے کے لئے ترغیب دی جائے اور اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ گھروں میں واٹر کولر، گملوں اور چھتوں پر کھڑا ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ڈینگی کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ کے ساتھ ڈینگی لیبارٹری ٹیسٹ کرنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت میں ڈینگی کا بروقت علاج ومعالجہ کیا جا سکے۔