رائے ونڈ کے تر قیاتی منصوبہ جات کا ورک آرڈر پبلک کیا جائے ‘ احمر رشید بھٹی

تاریخی گرانٹس پر مبارکباد ،افضل کھوکھر کورائے ونڈ کے بنیادی مسائل حل کروانے کااہم موقع میسر آیا ہے

جمعہ 27 جون 2025 14:15

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)تحریک انصاف کے رہنما ،ممبر صوبائی اسمبلی احمر رشید بھٹی نے کہا ہے کہ رائے ونڈ کے تر قیاتی منصوبہ جات کا ورک آرڈر پبلک کیا جائے تاکہ ایس او پیز کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبہ جات پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں ۔انہوں نے مسلم لیگی رہنما ممبر قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کو ملنے والی تاریخی گرانٹس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک افضل کھوکھر کورائے ونڈ کے بنیادی مسائل حل کروانے کااہم موقع میسر آیا ہے ان ترقیاتی منصوبہ جات کو کرپشن کی نذر ہونے سے بچائیں ۔

صحافیوں کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ کو ملنے والی تاریخی گرانٹ کو کرپٹ مافیا سے بچانے اور شہریوں کے مسائل کو حل کروانے کیلئے منصوبہ جات کا ورک آرڈر عوام کے سامنے لایا جائے ،صحافی ،عوام اور مسلم لیگی نمائندوں کو ورک آرڈر کی کاپیاں فراہم کی جائیں تاکہ عوامی وسائل ضائع ہونے سے بچ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقامی صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ کے مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کا اہم کردار ہے جنہوں نے ہمیشہ کسی بھی لالچ اور خوف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی آواز بلند کی ۔

انہوں نے سپورٹس کمپلیکس ،سیوریج ،اور واٹر سپلائی منصوبہ جات کی شفاف تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر خدا نخواستہ مذکورہ میگا پروجیکٹ کرپشن کی نذر ہو گیا تو تاریخ سیاستدانوں ،صحافیوں اور عوام کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ انہوں نے میگا پروجیکٹ میں کرپشن کے خدشات کے پیش نظر مسلم لیگی رہنمائوں ،میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبہ جات کے معیار کو جانچنے کیلئے ایک ایسا مکنزم بنائیں تاکہ عوامی منصوبہ جات طویل مدت تک فائدہ مند ثابت ہو سکیں ۔