یوای ٹی لاہور، ای کیٹ فیزٹوکے نتائج کا اعلان، ایڈمیشن پراسیس کا آغاز

جمعہ 27 جون 2025 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)یو ای ٹی لاہور نے انٹری ٹیسٹ فیز ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ محمد مصعب سیال نے 392نمبروں کیساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ریان احمد 391نمبروں سے دوسرے نمبر پر آئے جبکہ واصف شہراز نے 387نمبروں کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹری ٹیسٹ کے دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 26ہزار 803طلبا نے شرکت کی۔

اس سے قبل ای کیٹ کے پہلے مرحلے میں 15ہزار 460امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے امیدواروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ یو ای ٹی پر طلبا اور والدین کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو ای ٹی میں جدید لیبارٹریز، کلاس رومز اور معیاری ہاسٹلز کی سہولیات دستیاب ہیں، جبکہ نئے تعلیمی سال کے داخلوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں بھی 2,500سیٹوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یو ای ٹی لاہور اور اس کے ذیلی کیمپسز میں داخلے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ امیدوار آج ہی یو ای ٹی کے ایڈمیشن پورٹل admission.uet.edu.pkپر اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11جولائی 2025مقرر کی گئی ہے۔ داخلے کے لیے پہلی میرٹ لسٹ 18جولائی، دوسری یکم اگست، تیسری 15اگست جبکہ چوتھی میرٹ لسٹ 22اگست کو جاری کی جائے گی۔

طلبا کی ڈائون گریڈنگ کے لیے درخواستیں 29سے 31اگست تک وصول کی جائیں گی اور اس کی میرٹ لسٹ یکم ستمبر کو جاری ہو گی۔ آخری میرٹ لسٹ کا اعلان 26ستمبر کو کیا جائے گا۔ واک ان درخواستوں کی وصولی 29ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ ہاسٹل الاٹمنٹ کا عمل 7ستمبر سے شروع ہوگا۔ ریگولر کلاسز کا آغاز 8ستمبر 2025سے ہوگا۔داخلے سے متعلق تمام معلومات یو ای ٹی کے ایڈمیشن پورٹل admission.uet.edu.pkپر دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :