علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیم و تحقیق کے فروغ، جدید تدریسی ماڈلز کے نفاذ اور ڈیجیٹل لرننگ کے نئے مواقع فراہم کرنے کیلئے دو اہم اداروں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط

بدھ 1 اکتوبر 2025 15:56

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیم و تحقیق کے فروغ، جدید تدریسی ماڈلز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تعلیم و تحقیق کے فروغ، جدید تدریسی ماڈلز کے نفاذ اور ڈیجیٹل لرننگ کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے دو اہم اداروں کے ساتھ الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے۔ یہ معاہدے الائیٹ پاکستان اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) کے ساتھ طے پائے جن کے ذریعے تعلیم تک رسائی بڑھانے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور علمی ترقی کے نئے راستے ہموار ہوں گے۔

الائیٹ پاکستان کے ساتھ معاہدے کے تحت دونوں ادارے تعلیم کے فروغ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ پروگرام ترتیب دیں گے۔ اس تعاون کا مقصد تعلیمی وسائل میں وسعت پیدا کرنا اور معاشرتی ترقی کے لیے نئے منصوبے متعارف کرانا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوہاٹ یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت آن لائن اور ہائبرڈ لرننگ ماڈلز کے ذریعے معیاری تعلیم تک رسائی کو مزید آسان بنایا جائے گا۔

اس تعاون میں مشترکہ تحقیق، علمی و تدریسی تبادلہ اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے تکنیکی معاونت شامل ہے جو دونوں اداروں کے تعلیمی وژن کو مزید مستحکم کرے گا۔معاہدوں پر دستخط کی تقریبات میں، الائیٹ پاکستان کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر طارق چیمہ جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے دستخط کیے۔

اسی طرح کسٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس اور پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کیے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تحقیق و تدریس کے فروغ کے لیے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کی روایت رکھتی ہے اور ان معاہدوں کو بھی عملی شکل دی جائے گی تاکہ ملک کے کونے کونے تک تعلیم کی روشنی پہنچ سکے۔معاہدوں کی ان تقاریب میں یونیورسٹی کے ڈینز،پرنسپل افسران اور فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔