کامسیٹس میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ملٹی میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح

کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جدید سہولیات سے آراستہ ملٹی میڈیا اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب آج منعقد ہوئی

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:54

کامسیٹس میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ملٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء) کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام جدید سہولیات سے آراستہ ملٹی میڈیا اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب آج منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر تھے جنہوں نے فیتا کاٹ کر اسٹوڈیو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔


اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس لاہور، پروفیسر ڈاکٹر سرفراز احمد، انچارج اسلام آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر، ہیڈ آف ہیومنٹیز ڈاکٹر مسفرہ محفوظ، ہیڈ آف میڈیا اسٹڈیز ڈاکٹر سہیل ریاض، رجسٹرار شمس القمر، جی ایم ریکٹر آفس نوید احمد خان، کنٹرولر امتحانات سجاد مدنی، اعظم خان اور دیگر فیکلٹی ہیڈز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)


افتتاح کے بعد ریکٹر صاحب کا انٹرویو اسی اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا جو اس جدید ملٹی میڈیا اسٹوڈیو کا پہلا انٹرویو تھا۔

اس انٹرویو کی میزبانی ڈاکٹر عائشہ مرزا نے کی۔ ریکٹر صاحب نے اس موقع پر ڈاکٹر سہیل ریاض اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور اسٹوڈیو کے قیام کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی فیکلٹی اور طلباء کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد دی۔
اپنے خطاب میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے کہا کہ یہ جدید اسٹوڈیو نہ صرف طلباء کو عملی تعلیم فراہم کرے گا بلکہ انہیں پروفیشنل میڈیا انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کے مواقع بھی دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا انڈسٹری کی موجودہ ضروریات کو دیکھتے ہوئے کامسیٹس میڈیا اسٹڈیز مستقبل کے بہترین ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز تیار کرے گا اور انشاءاللہ یہ شعبہ پاکستان کا سب سے بہترین میڈیا اسٹڈیز کا ڈیپارٹمنٹ ثابت ہوگا۔
ریکٹر صاحب نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نئے پروگرامز پر غور کرے  تاکہ طلباء کو مزید  تعلیمی آپشنز فراہم کیے جا سکیں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹوڈنٹس یونیورسٹی میں داخلہ لیں۔

انہوں نے طلباء کو سہولیات کی فراہمی اور ایلومنائی کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ یونیورسٹی اور فارغ التحصیل طلباء کے درمیان قریبی رشتہ قائم رہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر کامسیٹس لاہور پروفیسر ڈاکٹر سرفراز احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریکٹر کامسیٹس نے میڈیا اسٹڈیز اسٹوڈیو کی تکمیل کو کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ یہ سنگِ میل آنے والے وقت میں یونیورسٹی کے طلباء کیلئے ایک نئی مثال قائم کرے گا۔


اپنے لاہور کیمپس کے دورے کے دوران ریکٹر صاحب نے یونیورسٹی کے آئندہ چالیس سالہ وژن سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور کیمپس انتظامیہ کی جانب سے دی گئی پریزینٹیشن کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کامسیٹس یونیورسٹی مستقبل میں بھی تعلیمی اور تحقیقی میدان میں نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔