Live Updates

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس

جمعہ 27 جون 2025 22:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس منعقد ہواجس میں ہیلتھ،پی ایچ اے،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے کے پیش نظر انسدادِ ڈینگی اقدامات کو تیز کیا جائے کیونکہ یہ موسم ڈینگی لاروا کی افزائش کے لئے موزوں ہوتا ہے۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنی فیلڈ سرگرمیاں بڑھائیں اور انسدادِ ڈینگی سرویلنس کو مؤثر بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ قبرستانوں، ٹائر شاپس، ائیر کولرزاور سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کی چھتوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم کو بھی مؤثر بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واسا، پی ایچ اے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت متحرک انداز میں کام کریں اور تمام گلی محلوں، پارکوں سمیت کھلے مقامات سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی کوششوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ رپورٹس کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات