ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، 13 دکانداروں کے چالان عدالت بھجوا دیئے

جمعہ 27 جون 2025 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں پختہ و عارضی تجاوزات کے خلاف ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیمیں بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں ،اس سلسلے میں مانیٹرنگ کے دوران عارضی تجاوزات سے باز نہ آنے والے نڑ والا روڈ مدن پورہ کے 13 دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا۔

ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کے زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جس کے لئے سٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں تشکیل دی گئی اینٹی انکروچمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری نے نڑ والا روڈ پر مدن پورہ میں انسپکشن کی تو بعض دکانداروں نے کاروباری سامان رکھ کر سٹرکوں، عوامی گذرگاہوں اور سرکاری جگہوں پر قبضہ جما رکھا تھا جنہیں قبل ازیں متعدد بار وارننگ دی گئی لیکن قانون شکنی جاری رہی جس پر کارروائی کرتے ہوئے 13 دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کو بھجوا دئیے اور سمن جاری ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے والے دکانداروں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر کے متعلقہ تھانہ کی پولیس ذریعے تعمیل کرائی جائے گی جنہیں بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی پراپرٹی کی حدود میں رہیں اور پختہ و عارضی تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیا جائے وگرنہ ناجائز تعمیرات کو مسمار اور سامان کو ضبط کر لیا جائیگا جبکہ قانون شکن عناصر کو بھاری جرمانے بھی بھگتنا پڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :