ْآئی جی پنجاب دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم

لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 28 لاکھ روپے کی رقم جاری

جمعہ 27 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 28 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زخمی کانسٹیبل ناصر حسین کو میڈیکل اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے فنڈز دئیے گئے۔

زخمی کانسٹیبل عدنان حبیب کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کیے گئے ۔

(جاری ہے)

زخمی ریٹائرڈ انسپکٹر اعظم محمود اور زخمی کانسٹیبل فیاض احمد کو کو میڈیکل اخراجات کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی اے ایس آئی شمریز اسلم کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے۔جمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر عمران ارشاد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراء کی منظوری دی ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج معالجہ اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔