سانحہ سوات، غفلت برتنے پرڈپٹی کمشنر سوات کو معطل کر دیا گیا

شہزاد محبوب کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے سانحہ سوات کے پیش نظر اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ ، علی امین گنڈا پور نے متعلقہ اداروں کو 3 دنوں میں تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیدیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 28 جون 2025 17:01

سانحہ سوات، غفلت برتنے پرڈپٹی کمشنر سوات کو معطل کر دیا گیا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون 2025)سانحہ دریائے سوات میں غفلت برتنے پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈپٹی کمشنر سوات کو معطل کر دیا،ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے سانحہ سوات کے پیش نظر اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے متعلقہ اداروں کو 3 دنوں میں تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سانحہ سوات کے بعد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے دریائے سوات کے کنارے بیریئرز نصب کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، ترجمان وزیرِاعلیٰ، ایم پی ایز اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے جائے حادثہ پر پولیس کی غیر موجودگی پر ایس پی سے وضاحت طلب کر لی۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ دریائے سوات کے کنارے اورسیاحتی مقامات پرروزانہ کی بنیادپرپٹرولنگ بڑھانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ دریا کنارے مٹی نکالنے کی سرگرمیاں کوفوری بند کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز احمد مغل کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری کی زیر صدارت سوات میں اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دریائے سوات سمیت مختلف مقامات پرتجاوزات کوبلاتفریق ختم کرنے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔محکمہ آبپاشی کوہائی الرٹ پررہنے اورپیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بغیراجازت تعمیر شدہ ہوٹلزکوفوری ختم کرنیکا فیصلہ کیا گیااس کے علاوہ دریا کے قریب قائم ہوٹلز کیلئے این اوسی لازمی قرار دی ہے۔ضلعی انتظامیہ3دنوں میں تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سوات میں فضا گٹ کے مقام پر 18 سیاحوں کو ڈوبنے کے افسوسناک حادثے پر صوبائی حکومت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سمیت 4 افسران کو فوری طور پر معطل کردیاتھا۔وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کے احکامات کی روشنی میں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے سوات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات احسان الحق، اسسٹنٹ کمشنر بابو زئی سوات، اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ سوات اور ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات سعد خان کو معطل کیا تھا۔صوبائی حکومت نے چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم کے چیئرمین خیام حسن خان کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی تھی جو 7 دنوں میں اپنی انکوائری رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔