فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا محرم الحرام صفائی پلان پر عملدرآمد جاری ہے،رؤف احمد

ہفتہ 28 جون 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہریوں کیلئے صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے محرم الحرام صفائی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی رؤف احمد کی ہدایت پر مرحلہ وار شہر کی تمام امام بارگاہوں کی صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے۔

امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور جلوس کے راستوں پر مختلف شفٹوں میں خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔محرم الحرام صفائی پلان کے مطابق زائرین کی سہولت کے لئے جلوسوں کے روٹس پر موجود کنٹینرز کو بر وقت خالی کیا جا رہا ہے۔ سی ای او نے بتایا کہ محرم الحرام کے پورے مہینے اور خصوصاً پہلے 10، ایام میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایف ڈبلیو ایم سی کا عملہ اور تمام مشینری شفٹوں میں خصوصی صفائی آپریشن سر انجام دے رہا ہے۔ضلعی کنٹرول روم سے بھی صفائی انتظامات کی نگرانی اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔محرم الحرام میں جلوسوں کے راستوں کی صفائی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی نے مجالس اورجلوس کے شرکاء سے بھی گزارش کی ہے کہ ایف ڈبلیو ایم سی کے عملے سے تعاون کریں۔کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایف ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔