عشرہ محرم الحرام،لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات

02 محرم الحرام، صوبہ بھر میں 26 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں ،مجالس کی سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے

ہفتہ 28 جون 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے دوسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 02 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 26 ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔

محرم الحرام کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں 2800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ۔صوبہ بھر میں 90 عزاداری جلوس اور 3495 مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میںدو محرم کی مناسبت سے 8 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 386 مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 14 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار وں نے معاونت فراہم کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ۔

سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جاری ہے ۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے افسران کو ہدایت کی کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک اور ہمہ وقت رابطہ میں ہیں۔