سی ای او لیسکو مون سون سیزن میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے متحرک،چھٹی کے روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں پی ڈی سی کا دورہ

ہفتہ 28 جون 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسرلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی انجینئر محمد رمضان بٹ نے بارشوں کے سیزن میں لیسکو کی جانب سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر میں بجلی کی ڈیمانڈ اور سپلائی کی خودمانیٹرنگ کی۔ سی ای او لیسکو نے چھٹی کے روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں پی ڈی سی کا دورہ کیا اور مون سون بارشوں کے سیزن میں بجلی کی بلا تعطل سپلائی کے ساتھ محرم الحرام کے ایام میں مجالس اور جلوسوں کیلئے بھی بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایکسین پی ڈی سی میر مصطفی نے سی ای او لیسکو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی مسلسل سپلائی کی دن رات مانیٹرنگ جارہی ہے، اس وقت لیسکو ریجن میں بجلی کی ڈیمانڈ 3857،ایلوکیشن 3850 جبکہ ڈرال 3634ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او لیسکو انجینئرمحمدرمضان بٹ نے کہا کہ صارفین کو سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام ٹیمیں عوام کی خدمت کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں جبکہ محرم الحرام کے ایام میں مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں بھی بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔

انجینئر محمد رمضان بٹ نے ہدایت کی کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے بجلی بحالی کے کاموں کیلئے تمام ضروری سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔