مریم نواز کا جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ ای بسیں فراہم کرنے کا حکم ، دوردراز اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹراک بسیں فراہم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 28 جون 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) وزیراعلی مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ ای بسیں فراہم کرنے کا حکم دیا اور دوردراز اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹراک بسیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹس پربریفنگ دی گئی اورالیکٹراک بس پراجیکٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا -وزیراعلی نے کہاکہ ہر نئی چیز بڑے شہروں کو دینے کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا، دیہات کو بڑے شہروں کے برابر لائیں گے۔

مریم نواز نے24اضلاع کو ترجیحی بنیادو ں پر 240الیکٹراک بسیں دینے کی ہدایت کی-پہلے مرحلے میں آنے والی240ای بسیں نسبتا پسماندہ اضلاع کو فراہم کر دی جائیں گی۔لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی کیلئے 500ای بسوں کی فراہمی اگست سے اکتوبر تک ہوگی-نومبر سے دسمبر تک پنجاب میں 600الیکٹراک بسیں مزید آئیں گی-پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت شیخوپورہ،ننکانہ، قصور اور لاہور کو 400الیکٹراک بسیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ بی آر ٹی پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔گوجرانوالہ میں بی آرٹی کو پورے شہر اور مضافات سے منسلک کرنے کیلئے 80فیڈر بسیں چلائی جائیں گے۔ راہوالی تا ایمن آباد تقریبا22 کلومیٹر طویل بی آر ٹی سسٹم پر 28 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔گوجرانوالہ بی آر ٹی روٹ میں توسیع کرنے کی تجویزکا جائزہ لیاگیا۔گوجرانوالہ بی آر ٹی سسٹم پر ہر آٹھ منٹ کے بعد دوطرفہ ٹرانسپورٹ میسر ہو گی۔

انہوں نے گوجرانوالہ میں بی آر ٹی کے روٹ پر ٹریفک کو سمارٹ سلوشن سے کنٹرول کرنے کی ہدایت کی- گوجرانوالہ بی آر ٹی کیلئے 4 الیکٹراک بس ڈپو قائم کیے جائیں گے-فیصل آباد میں اورنج لائن اور ریڈلائن ٹرانسپورٹ سسٹم پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا- ریڈ لائن بس سروس 23.4کلو میٹر طویل اور 24سٹیشن پر مشتمل ہوگی- ریڈلائن پر ایک لاکھ 85ہزار سے زائد مسافر سفر کرسکیں گے-اورنج لائن 29کلومیٹر طویل 21سٹیشن پر مشتمل ہوگی، ایک لاکھ 11ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے- مریم نواز کی ہدایت پر فیڈمک سے سلامی چوک تک روٹ بھی شامل ہیں -انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو عوامی افادیت کے تمام پراجیکٹ بلا تاخیر شروع کرنے کی ہدایت کی اورای بسوں کے روٹس عوام کی آمدورفت کو مد نظر رکھ کر مقرر کرنے کا حکم دیا-اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ سسٹم روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا-انہوںنے کہاکہ عوامی ضروریات کا تعین کرکے بسیں دینا چاہتے ہیں، صرف عوام کیلئے سوچنا ہے۔

تمام اضلاع میرے لئے برابر ہیں، ترقی کے سفر میں یکساں مواقع اور سہولتیں ملنی چاہئیں۔