جنوبی یورپ میں شدید ہیٹ ویو، آگ لگنے کی وارننگ جاری

شمالی افریقہ سے آنے والی گرم ہوا بلقان کے سیاحتی مراکز تک پھیل گئی

اتوار 29 جون 2025 14:25

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)جنوبی یورپ کے متعدد ممالک میں گرمی کی شدید لہر کے باعث درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر آگ لگنے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔اٹلی، یونان، فرانس، اسپین اور پرتگال میں شدید گرم موسم ہے۔ ہسپانوی شہر سویل میں (اتوار)کو درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

شمالی افریقہ کی جانب سے آنے والی گرم ہوا کے تھپیڑے بلقان کے سیاحتی مراکز جیسے کروشیاتک پھیل چکے ہیں، جو درجہ حرات میں اضافہ کررہے ہیں۔ یورپ میں عموما ہر سال گرمی کی ایسی لہر آتی ہے تاہم اس مرتبہ یہ زیادہ شدید ہے کیونکہ ایسی گرمی جولائی اور اگست میں آتی ہے۔موجودہ صورتحال میں اسپین میں ایمرجنسی اسٹاف کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ کمزور افراد، بچوں، زائد عمر کے افراد اور خطرناک بیماریوں کے شکار لوگوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔