کوہاٹ میں محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے گرینڈ جرگہ کا انعقاد، باہمی تعاون پراتفاق

اتوار 29 جون 2025 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) کمشنرہاؤس کوہاٹ میں محرم الحرام کے پُرامن انعقاد اورمذہبی رواداری کے فروغ کیلئے گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنرکوہاٹ معتصم باللہ، ریجنل پولیس آفیسرعباس مجید مروت، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹر زاہداللہ، ضلعی و ریجنل انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی نمائندگان، تاجربرادری، اہل سنت و اہل تشیع کے جید مشران اورمعززینِ شہرنے بھرپور شرکت کی، ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی بھاری نفری حساس مقامات پرتعینات کر دی گئی ہے اورہرممکن حفاظتی اقدام کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، کمشنر معتصم باللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پورے جذبہ فرض شناسی، مستعدی اورذمہ دارانہ طرزِعمل کے تحت محرم الحرام کے دوران اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گی، انہوں نے کہا کہ ضلعی ادارے عوامی تعاون اوربین المسالک ہم آہنگی کے ساتھ اپنی کوششوں کو نتیجہ خیزبنانے کیلئے پرعزم ہیں، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ہمیں سیاسی وابستگیوں اورنظریاتی اختلافات سے بالاترہو کر ایک قوم کے طورپراتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین ہی وہ واحد قوت ہے جو ہمیں اندرونی وبیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔