روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی متفقہ طور پر آرگنائزیشن آف ایشیا پیسیفک نیوز ایجنسیز 2028 تک چیئرمین منتخب،اے پی پی کو متفقہ طور پر ایتھکس کمیٹی کا سربراہ چن لیا گیا

اتوار 29 جون 2025 18:10

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ٹی اے ایس ایس) کو متفقہ طور پر آرگنائزیشن آف ایشیا پیسیفک نیوز ایجنسیز (او اے این اے )کو 2028 تک چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ تنظیم کی 19ویں جنرل اسمبلی 19 جون کو سینٹ پیٹرزبرگ روس میں ہونے والے اجلاس کے دوران انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔ ٹی اے ایس ایس کے ڈائریکٹر جنرل آندرے کونڈراشوف کو چیئرمین شپ کی مدت کے لیے او اے این اے کا صدر منتخب کیا گیا ہے جب کہ ٹی اے ایس ایس کے فرسٹ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میخائل گسمین تنظیم کے جنرل سیکرٹری کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے۔

ایشیا پیسیفک نیوز ایجنسیز کی تنظیم دنیا کی سب سے بڑی علاقائی میڈیا تنظیم ہے جو 33 ممالک کی 41 نیوز ایجنسیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتی ہے جس کا مقصد ایشیا پیسیفک خطے میں خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان خبروں کے براہ راست اور آزادانہ تبادلے کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹی اے ایس ایس کی او اے این اے کے ساتھ تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے جس نے 1981 میں اس تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس سے قبل اس کی دو بار صدارت کے فرائض بھی سر انجام دے چکی ہے ۔

آئندہ او اے این اے جنرل اسمبلی 2028 میں آذربائیجان میں ہو گی جس کی میزبانی Azertac کرے گی۔20 جون کو منعقد ہونے والے دوسرے مکمل اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے انتخابی عمل کے دوران ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کو متفقہ طور پر ایتھکس کمیٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈپلومیٹک اینڈ گلوبل افیئر مدثر اقبال نے اے پی پی کی جانب سے انتخابی عمل میں شرکت کی۔