اوکاڑہ ،قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے دریا ،نہروں میں نہانے اور تیراکی پر پابندی عائد

اتوار 29 جون 2025 18:50

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی جانب سے موسمی صورتحال اور مون سون بارشوں کے تناظر میں قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے دریا اور نہروں میں نہانے اور تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے دریاؤں، نہروں میں ڈوبنے کے واقعات کے تناظر میں حکومت پنجاب کے احکامات پر ضلع اوکاڑہ میں بھی دریا، نہروں میں تیراکی کرنے اور نہانے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت دریا، نہروں اور گہرے پانی کے نزدیک جانے یا لوگوں کے اجتماع پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، پولیس اور لائف گارڈز کو دریا، نہروں اور گہرے پانی کے نزدیک پٹرولنگ کا ٹاسک سونپتے ہوئے محکمہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو بھی اس سلسلہ میں متحرک رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عوام الناس اپنی جانوں کو مقدم رکھتے ہوئے دریا، نہروں اور گہرے پانی میں نہانے اور تیراکی سے پرہیز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد کریں، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

\378