محرم الحرام یوم عاشور کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے لیے لاڑکانہ پولیس اور 82 ونگ رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ

اتوار 29 جون 2025 20:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) لاڑکانہ پولیس اور 82 ونگ رینجرز نے محرم الحرام یوم عاشور کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے لیے مشترکہ فلیگ مارچ کیا ۔اس میں انچارج ڈی آئی بی انسپیکٹر علی بخش ڈاھانی اور ڈی ایس آر رینجرز سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، ٹریفک سارجنٹس اور 15 مددگار فائیٹرز سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

فلیگ مارچ ایس ایس پی چوک سے شروع ہوکر بیگم نصرت بھٹو اوور ہیڈ برج، اسٹیشن روڈ، باقرانی روڈ، سیال چوک، ایمائر روڈ، بندر روڈ، نشتر روڈ،نیو بس ٹرمینل،جی ٹی روڈ، شیخ زید چوک، شیریں امیر بیگم بھٹو اوور ہیڈ برج، سر شاہنواز بھٹو روڈ، شاہراہ رضا شاہ پہلوی، علامہ مشرقی روڈ سے حیات محمد خان شیرپا و روڈ سمیت پورے شہر کے گشت کے بعد واپس ایس ایس پی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ ۔فلیگ مارچ میں لاڑکانہ پولیس اور سندھ رینجرز کی بڑی تعداد میں گاڑیاں اور 15 مددگار کی موٹرسائیکلیں شامل تھیں۔پولیس کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو احساس تحفظ دلانا اور فتنہ خور شرپسند عناصروں پر کڑی نظر رکھنا ہے ۔