ھ*بلوچستان کے ضلع موسی خیل اور گردونوح میں گزشتہ شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے

اتوار 29 جون 2025 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) بلوچستان کے ضلع موسی خیل اور گردونوح میں گزشتہ شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔لوگ کلمہ وطیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروںسے باہر نکل آئے زلزلے کے متعدد آفتر شاکس آچکے ہیں اور زلزلے سے سینکڑوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 3افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع موسیٰ خیل اور گردونوح میں گزشتہ شب 3 بج کر 45 منٹ پر موسیٰ خیل ، رڑکن ، راڑہ شم اور ملحقہ علاقوں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 اورگہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔زلزلے سے درجنوں کچے مکانات کے منہدم ہونے اور سینکڑوں کچے مکانات کو نقصانات پہنچنے اور ان میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات ملی ہیں۔

(جاری ہے)

مکانات گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے زلزلے کے بعد انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجا ہے اور وزیرا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ زلزلے سے متاثرین کی بھر پور مدد کی جائے اور متعلقہ حکام زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔