محرم الحرام پرشہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

لائوڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا ئیگا‘سی سی پی او لاہور

پیر 30 جون 2025 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)04محرم الحرام کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت میں 400 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ17 عزاداری جلوس برآمد ہوئے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر3ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیتے رہے ۔04 محرم الحرام پر شہر میںمنعقد ہونے والی مجالس عزاء میں اے کیٹیگری کی45،بی کیٹیگری کی 272 اور سی کیٹیگری کی83مجالس شامل ہیں۔

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لائوڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں اورکنٹرول رومز سے مجالس و جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے حالیہ بارشوں کے پیش ِ نظرمجالس و جلوسوں کے راستوں کو انتظامیہ کی مدد سے بحال رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یوسمیت لاہور پولیس کے تمام ونگز آپس میں بہترین کووارڈینیشن رکھیں۔