کمشنر بہاولپور ڈویژن کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس ،محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ

پیر 30 جون 2025 14:10

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کے قیام کے لیے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بہاولپور رائے بابر سعید کی زیر صدارت امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کامران اصغر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ضلعی افسران، سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور ضلع بھر سے امن کمیٹی کے معزز اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی پلان، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رضاکارانہ تعاون اور بین المسالک احترام پر زور دیا گیا۔ امن کمیٹی کے اراکین نے بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

کمشنر مسرت جبیں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور علما کا تعاون محرم کے دوران امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

آر پی او رائے بابر سعید نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈی پی او کامران اصغر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور محرم کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔